بھوپال،10/فروری (ایس او نیوز/یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نائب صدر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ضلع دھار میں حالیہ موب لنچنگ کے تناظر میں آج کہا کہ بے گناہوں کو تنگ نہ کیا جائے، لیکن قصورواروں کو کسی بھی قیمت پر نہیں چھوڑا جائے۔
چوہان نے ٹوئٹ کے ذریعہ کہا کہ دھار میں موب لنچنگ کی معاملہ میں سرپنچ رمیش جوناپانی کو پھنسایا گیا ہے جبکہ اس نے بچانے کی کوشش کی تھی۔ ہم چاہتے ہیں کہ مجرموں کی شناخت کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے، لیکن معصوم شخص کو صرف اس وجہ سے کہ وہ بی جے پی سے منسلک ہے، اس کو پریشان نہ کیا جائے۔
چوہان نے کہا کہ دھار کا موب لنچنگ کا واقعہ کوئی اکیلا واقعہ نہیں ہے، بلکہ کانگریس حکومت لگاتار اس پر کام کر رہی ہے کہ واقعہ کوئی بھی ہو، اس میں بی جے پی کا نام لے کر اپنی غلطی سے پلہ جھاڑ لے۔ مسٹر چوہان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ بے گناہوں کو تنگ نہ کیا جائے، لیکن قصورواروں کو کسی قیمت پر نہ چھوڑا جائے۔